الحزب الاعظم اور اشاعتِ نو

ابھی تک الحزب الاعظم کے جو نسخے بھی منظر ِعام  پر آئے ہیں ان میں یا صرف دعائیں تھیں، یا دعا اور ترجمہ،  یا  پھر  صرف دعا اور تخریج، اور اس طرح سے ایک جامع اشاعت کی کمی تھی جس میں دعا، ترجمہ، اور   تخریج شامل ہوں۔ اس صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے  الحزب الاعظم کی اشاعتِ نو  پر کام شروع کیا گیا۔

اس اشاعتِ نو میں ہم نے حسبِ ذیل  امور کو پیشِ نظر رکھا ہے:

1۔ دعاؤں اور ترجمہ کو بین السطور یا متوازی رکھنے کے بجائے سلسلہ وار رکھا گیا ہے۔  یعنی پہلے مکمل دعا پھر ترجمہ، اور صفحہ کے آخر میں ہی اس دعا کی مکمل تخریج۔⁦

2⁩۔ دعاؤں کے نمبر شمار کو دعا کے شروع میں لکھا گیا ہے۔⁦

3⁩۔ تمام نبوی  دعاؤں کی مکمل تخریج دی گئی ہے۔ کئی مقامات پر فوائد تخریج کے ساتھ لکھ دیے گئے ہیں۔

⁦4⁩۔ اس  کتاب میں ترجمہ بنیادی طور پر وہی ہے جو مولانا بدر عالم میرٹھیؒ⁦﴿⁩البشریٰ ٹرسٹ⁦﴾⁩کا کیا ہوا ہے لیکن اس کے علاوہ دیگر تراجم مثلاً مولانا عبدالرشید نعمانیؒ کا ترجمہ، رشید احمد مولاناموسیٰ سیلودوی کا ترجمہ اور ابوبکر مصطفیٰ  پٹنی کی تخریج⁦﴿⁩مکتبۂ ارشاد، ڈابھیل۔ انڈیا﴾⁩، مفتی سعد عبدالرزاق کا ترتیب کردہ ترجمہ وتخریج⁦﴿⁩المیزاب پبلشرز﴾⁩سے استفادہ کیا گیا ہے۔

5۔ قرآنی دعاؤں کا ترجمہ اردو کے مشہور تراجمِ قرآن⁦﴿⁩مولانا محمد جوناگڑھیؒ، مولانا فتح محمد جالندھریؒ، سید ابوالاعلٰی مودودیؒ،مولانا امین احسن اصلاحیؒ وغیرہ کے ترجمہ اور تفسیر﴾⁩کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

6۔ نبوی دعاؤں کا ترجمہ کرتے ہوئے ، خُصوصاًصحاح ِستہ اور دیگر کتبِ حدیث   کی دعاؤں کے لیے، مشہور تراجمِ حدیث  سے استفادہ کیا گیا ہے۔نیز زبان کو کئی جگہوں پر سہل کرنے کی کوشش کی ہے اور قوسین کے ذریعے سے کچھ الفاظ کی مزید توضیح  کی کوشش کی گئی ہے۔⁦

7⁩۔ الحزبُ الاعظم  کو عام طور پر سات دنوں کی منزلوں میں تقسیم کیا جاتا ہے اور ہر دن ایک منزل کی تلاوت بزرگوں کا معمول رہا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ قارئین بھی اسے اپنا معمول بنائیں گے ۔ اور روزانہ کی منزل کے علاوہ بھی ان دعاؤں سے حق کے راستے میں چلنے کے لیے قوت کشید کریں گے۔

اس کام کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کےلیے میں سیماب حیدر عزیز⁦﴿⁩ترتیب و ڈیزائن⁦﴾⁩، عائشہ میر⁦﴿⁩پروف ریڈنگ اور ٹائپنگ﴾⁩، ثوبیہ احمد⁦﴿⁩سرورق ڈیزائن﴾ اور اپنی بیٹی یمنیٰ احمد⁦﴿⁩ریسرچ﴾ کا شکرگزار ہوں۔

اس اشاعتِ نو کے دوران ہم نے پوری کوشش کی ہے کہ یہ کام اغلاط سے پاک ہو  لیکن انسان پھر بھی خطا کا پتلا ہے اور کوئی نہ کوئی غلطی رہ ہی جاتی ہے، اگر آپ کے سامنے ایسی کوئی غلطی آئے تو بہ راہ ِکرم ہمیں مطلع کیجیے، ہم اسےآئندہ اشاعت میں  درست کرنے کی کوشش کریں گے، ان شاء اللہ۔⁦

1500⁩سالہ عید ِمیلادالنبیﷺ کے موقع پر ہم یہ کام  اللہ اور اس کے حبیب ﷺ کی بارگاہ میں  ہدیہ کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ سے درخواست ہے کہ وہ ہماری کاوش کو قبول فرماتے ہوئے اسے سعیِ مشکور میں بدل دے ، اس کتاب کو نفع بخش بنائے اور روزِ قیامت ہمیں ہمارے والدین، بہن بھائیوں اوربیوی بچوں کے ساتھ نبی کریمﷺ کی شفاعت سے بہرہ مند فرمائے۔ آمین !

 

افتخار احمد

حافظ میاں محمد اجمل ؒ اسلامک سینٹر،نمل، میانوالی

جون⁦2026⁩،ذوالحجہ⁦1447⁩ھ